اسلام آباد(عکس آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات میں ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت اے آئی پروگرام پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق ملکی نوجوانوان کو اسکل ڈویلپمنٹ کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے صدر عارف علوی سے ملاقات کی۔ملاقات میں صدر پاکستان نے آرٹیفشل انٹیلی جنس پروگرام شروع کرنے پر مشاورت کی اور ہنرمند پاکستان پروگرام کے تحت اے آئی پروگرام پر مل کرکام کرنے پر اتفاق کیا،
ایک لاکھ نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے متعلق تربیت دی جاسکے گی۔اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا ترقی یافتہ ممالک تیزی سے آرٹیفشل انٹیلی جنس پرمنتقل ہو رہے ہیں، مصنوعی ذہانت مستقبل ہے، نوجوانوں کو جدید طریقے اپنانے ہوں گے۔عارف علوی کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کی زبردست پذیرائی حکومت کےلیے خوش آئند ہے ، کامیاب جوان کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی سرپرستی کریں گے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا وزیراعظم اور صدر پاکستان کا تعاون نوجوانوں کے لیے خوش آئند ہے، وزیراعظم کی ہدایات پرمصنوعی ذہانت میں عملی قدم رکھ رہے ہیں، کوشش کریں گےاپنے نوجوانوں کو عالمی طرز کی تربیت فراہم کریں۔