نیب

شہباز شریف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈنگ کی تحقیقات تعاون نہیں کر رہے’ نیب

لاہور( عکس آن لائن)قومی احتساب بیورو( نیب) لاہور نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈنگ کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں تاہم قومی ادارے کو ان کی جانب سے تحقیقات میں تاحال عدم تعاون کا سامنا ہے،قومی ادارے کے ساتھ عدم تعاون کا مظاہرہ کرنے کی صورت میں قانون اپنا راستہ اپنانے پر حق بجانب ہو گا۔

اپنے بیان میں ترجمان نیب نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں جاری تحقیقات کے حوالے سے انہیں 17اپریل کو ذاتی حیثیت میں نیب انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے لئے ادارے کی پالیسی کے تحت انہیں باقاعدہ مفصل سوالنامہ بھی ارسال کیا تھا۔ نیب لاہور کو مذکورہ کیس منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ان سے مفصل و جامع جوابات درکار ہیں کیونکہ ان کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں تاہم قومی ادارے کو ان کی جانب سے تحقیقات میں تاحال عدم تعاون کا سامنا ہے۔

نیب لاہور میں 17 اپریل کو پیش نہ ہونے اور کرونا وباء کا عذر پیش کرنے کی صورت میں نیب لاہور کی جانب سے انہیں دوبارہ 22 اپریل دن 12بجے نیب تفتیشی ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس ارسال کیا گیا ہے اور انہیں آگاہ کیا جاتا ہے کہ ان کی نیب لاہور میں پیشی کے موقع پر مکمل حفاظتی اقدامات اپنائے جائیں گے جن میں سوشل ڈسٹینسنگ ، ماسک و سینیٹائزر کا استعمال شامل ہو گا اگرچہ اس موقع پر اس بات کی وضاحت بھی کی جاتی ہے کہ قومی ادارے کے ساتھ عدم تعاون کا مظاہرہ کرنے کی صورت میں قانون اپنا راستہ اپنانے پر حق بجانب ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں