نیویارک (عکس آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے افغان صدر اشرف غنی کے صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد قابل قبول جامع حکومت کی تشکیل کے عزم کا خیرمقدم کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے افغان صدر اشرف غنی کے سب کے لیے قابل قبول جامعی حکومت کی تشکیل سمیت قومی اتحاد کے لیے وابستگی کا خیرمقدم کیا ہے اور یہی نہیں وہ صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کی الگ الگ 2 تقریبات کی خبروں سے آگاہ ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سیاسی قائدین اپنے اختلافات کو ملکی قواعد و ضوابط ، استحکام و یکجہتی کے مفاد اور آئینی حکم کے مطابق حل کریں اور تمام شراکت دار امن و امان کے تاریخی مقصد کے تحت مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جامع حکومت اور افغان قیادت کے زیر عمل خواتین اور نوجوانوں کیساتھ افغان عوام کی خواہشات کے مطابق افغانستان میں قیام امن کے لیے پرامید ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے افغان حکومت اور عوام کی حمایت کے عزم کو دہرایا۔