کراچی(کورٹ رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹرعاصم حسین کی درخواست پر فوری سماعت کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد ریفرنس احتساب عدالت سے منتقلی سے متعلق ڈاکٹرعاصم حسین کی فوری سماعت کی درخواست پر سماعت 9 اگست کو مقررکردی ہے۔نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کے سامنے موقف رکھا کہ ایک درخواست میں جواب جمع کراچکے ہیں دوسری درخواست میں جواب جمع کرانا ہے۔وکیل ڈاکٹرعاصم انورمنصور خان نے موقف پیش کیا کہ 2016 سے کیسز زیر التوا ہیں۔
پہلے بھی ایک درخواست تین سال تک التوا رہی پھرغیرموثرہوگئی۔انورمنصور خان ایڈووکیٹ نے کہا ک میں ہر تاریخ پر پیش ہوتا ہوں مگر یہ رویہ سمجھ سے بالاتر ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم نیب کو آخری مہلت دے رہے ہیں، سن کر جلد فیصلہ جاری کریں گے۔سندھ ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 9 اگست تک ملتوی کر دی۔ڈاکٹر عاصم حسین نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نیب قوانین میں ترامیم کے بعد احتساب عدالت کیس نہیں سن سکتی۔ احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ڈاکٹر عاصم حسین نے احتساب عدالت کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ ان کے خلاف نیب میں دو ریفرنس زیر سماعت ہیں۔