اسلام آباد(عکس آن لائن) قومی ائر لائن(پی آئی اے)کو عمرہ زائرین کو واپس لانے کیلئے مزید 3روز کی مہلت مل گئی۔سعودی ایوی ایشن نے 18 مارچ تک پی آئی اے کو جدہ اور مدینہ کیلئے پروازوں کی خصوصی اجازت دیدی، جس کے بعد پاکستان سے خالی جہاز جدہ اور مدینہ لینڈ کر سکیں گے،
عمرہ زائرین کو واپس لایا جائیگا، زائرین کی واپسی کا سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رئیگا۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق سعودی عرب میں پھنسے تمام عمرہ زائرین کو جلد پاکستان لایا جائے گا جبکہ اتوار کوایک ہزار 800عمرہ زائرین کو واپس لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکام سے درخواست کی گئی تھی کہ عمرہ زائرین کو واپس لانے کی اجازت دی جائے جس کے بعد سعودی عرب نے مزید 3روز کی مہلت دی ہے۔
عبداللہ خان نے مزید کہا کہ اتوار اور پیرکوتین ہزار 500سے 4ہزار کے قریب عمرہ زائرین کو واپس لائیں گے تاہم فی الحال سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی تعداد جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے اور سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ وہ پی آئی اے سے رابطہ کریں۔سعودی حکومت نے کمرشل پروازیں دو ہفتوں کے لیے منسوخ کر دی ہیں، بیرون ملک سے کوئی پرواز سعودی عرب نہیں آئے گی، سعودی سول ایوی ایشن نے باقاعدہ ناٹم بھی جاری کردیا، پی آئی اے کو بھی پروازوں کی بندش سے متعلق آگاہ کر دیا گیا۔