قصور (عکس آن لائن)کھیرے کریلے گھیاکدو گھیاتوری حلوہ کدوخربوزے تربوزکی ٹنل کاشت شروع ہوگئی ہے جبکہ کاشتکاروں کو سبزیوں کے پودوں کو اکھڑا پچھیتاجھلساو روئیں دار پھپھوندی کوڑھ اور وائرسی امراض کے حملہ کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی وتدارکی اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)قصوراحمدنویدامجدنے بتایا کہ اکھڑاکی بیماری بیل والی سبزیوں کے ننھے پودوں پرزیادہ ہوتی ہے جس کے حملہ سے اگے ہوئے پودے مرجھاجاتے ہیں اور بڑے پودوں کے تنے کا نچلا حصہ گلا ہوا نظرآتاہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ اس بیماری کے تدارک کے لئے فصلوں کے ہیرپھیرکے ساتھ بیج کو پھپھوکش زہر تھائیو فیسنیٹ میتھائل یاکاربینڈا زیم لگاکر کاشت کریں۔
انہوں نے بتایا کہ بیل والی سبزیوں کے پتوں پر روئیں دار پھپھوندی کے حملہ سے زردرنگ کے دھبے ظاہر ہوتے ہیں اوریہ دھبے پودوں کے تنوں تک پھیل جاتے ہیں نیزمرطوب موسم میں اس بیماری کے شدیدحملہ کی وجہ سے پودے سوکھ جاتے ہیں لہذا 8سے26ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت اور ہوا میں70فیصد سے زائدنمی ہونے کی وجہ سے اس بیماری کے حملہ کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں اس بیماری کے تدارک کیلئے بیماری سے متاثرہ پودوں کو کھیت سے نکال دیں اور حفاظتی زہروں مینکوزیپ کاپرہائیڈروآکسائیڈ بحساب2سے اڑھائی گرام دوائی فی لیٹر پانی میں ملاکر سپرے کریں۔