ٹرینوں کی آمد ورفت

دھند کے باعث ٹرینوں کی آمد ورفت میں تاخیر، مسافر سخت سردی میں پریشان

کراچی(عکس آن لائن)دھند کے وجہ سے ٹرینوں کی آمد ورفت میں تاخیر سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، مسافروں نے شکایت کی ہے کہ ریلوے افسران روانگی سے متعلق معلومات دینے سے گریزاں ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں شدید دھند کے باعث فضائی آپریشن ہی نہیں بلکہ محکمہ ریلوے کا نظام بھی متاثر ہوا ہے، موسم کی خراب صورتحال کے باعث کراچی کے اسٹیشنوں سے ٹرینیں اپنے مقررہ وقت کے بجائے تاخیر سے روانہ ہورہی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسافروں نے بتایاکہ کینٹ اور سٹی اسٹیشن کی انتطامیہ کی جانب سے ٹرینوں کی آمدورفت کا صحیح وقت نہیں بتایا جارہا اور پلیٹ فارم پر مسافروں کی رہنمائی کیلئے ریلوے کا کوئی افسر بھی موجود نہیں ہے، اس کے علاوہ واشنگ لائن سے ٹرینوں کی صفائی میں گھنٹوں تاخیر کی جاتی ہے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ ملتان سے کراچی آنے والی سندھ ایکسپریس کی آمد میں 4گھنٹے تاخیر ہوئی ہے جبکہ لاہور سے کراچی آنے والی شالیمار ایکسپریس کی آمد میں7 گھنٹے، حویلیاں سے آنے والی ہزار ہ ایکسپریس کی آ مد میں 6گھنٹے تاخیر ہوئی۔اس کے علاوہ کراچی سے سکھر جانے والی سکھر ایکسپریس کی روانگی میں دو گھنٹے جبکہ کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس کی روانگی میں6 گھنٹے کی تاخیر ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں