لاہور ہائی کورٹ

ججزکوقرضوں کی منظوری کیخلاف درخواست پر دستاویزات لف کرنے کی ہدایت

لاہور (عکس آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے عدالت عالیہ کے 11ججز کو 36کروڑ روپے کے بلاسود قرض کی حکومتی منظوری کے خلاف درخواست کے ساتھ مصدقہ دستاویزات لف کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے عدالت عالیہ کے 11ججز کو بلا سود قرضوں کی منظوری کے خلاف شہری مشکور حسین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔عدالت عالیہ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو ختم کر کے دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت عالیہ نے درخواست گزار پر متاثرہ فریق نہ ہونے کا اعتراض ختم کر دیا، ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو ججز کو قرض دینے سے متعلق مصدقہ دستاویزات بھی درخواست کیساتھ لگانے کی ہدایت کی ہے۔درخواست گزار کی جانب سے مقف اختیار کیا گیا تھا کہ ججز کو بلاسود قرضہ فراہم کرنا غیر قانونی اقدام ہے، ججز پہلے ہی بے شمار مراعات حاصل کر رہے ہیں،

عوام کے ٹیکس کے پیسے کا نگران حکومت بے دریغ استعمال نہیں کر سکتی، درخواست میں چیف سیکرٹری ،سیکرٹری فنانس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نگران حکومت کی جانب سے ججز کو قرضے دینے کی منظوری کالعدم قرار دے، عدالت ججز کو قرضے دینے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے، پٹیشن کے حتمی فیصلہ تک ججز کو قرضہ دینے کا اقدام معطل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں