دائودخیل(عکس آن لائن)ثقافتی میلے ہمارے پاکستان کی ثقافت کا ایک حصہ ہیں۔ اس قسم کے میلوں سے جہاں فن کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے وہیں نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے دو روزہ جشن نیزہ بازی اسکندرآباد فیسٹیول میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم عمران خان کاآبائی حلقہ ہے اور پی ٹی آئی یوتھ ونگ ضلع میانوالی کے صدر ملک عمیر سکندر نے اپنی شادی کی خوشی میں اتنے شاندار جشن کا انعقاد کرکے علاقہ کی عوام کو تفریح کا موقع میسر کیا ہے۔ اور وزیر اعظم پاکستان کے نوجوانوں کو صحت مند تفریحی مواقع فراہم کرنے کے وڑن کو آگے بڑھایا ہے ہماری حکومت بھی کھیلوں کے گرائونڈ ہر ضلع میں اور بلخصوص میانوالی میں تعمیر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے میں سات سو گھڑ سواروں نے شرکت کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وزیراعظم کا ضلع پر امن ضلع ہے اور یہ لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی پی ڈی ایم کے جلسوں ۔ ریلیوں اور لانگ مارچ سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے اور مہنگائی و بے روزگاری پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
ایگری ٹیک فرٹیلائزر فیکٹری اسکندر آباد دائودخیل کو مستقل بنیادوں پر گیس کی فراہمی کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت جو صوبوں کو حقوق دیئے گئے ہیں اس کے مطابق جس صوبے سے گیس نکل رہی ہوتی ہے اس کو بنیادی حق حاصل ہوتا ہے کہ وہ پہلے اپنے صوبہ کی کمی کوپورا کرے لہٰذا کچھ ماہ کے لیے فیکٹری کی گیس بندش ایک مجبوری ہے اس کے مستقل حل کے لیے وزیراعظم لائحہ عمل بنانے کی کو شش کر رہے ہیں اور میں بھی آپ کا یہ مسئلہ وزیر اعظم کو دوبارہ پیش کرونگا۔