لندن(عکس آن لائن)برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کورونا وائرس سے متعلق تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق لندن میں پریس کانفرنس کے دوران بورس جانسن نے کہا کہ ہمیں کوویڈ کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے اب خود ہی فیصلے کرنا ہوں گے۔برطانوی وزیراعظم نے اعلان کیا کہ 19 جولائی سے پبلک ٹرانسپورٹ اور دکانوں میں لازمی ماسک پہننے کی پابندی ختم کردی گئی ہے، اس کے بعد ماسک رضا کارانہ طور پر پہنا جاسکے گا۔بورس جانسن نے کہا کہ کورونا وائرس کے دنوں کی ایک میٹر کی سماجی دوری کی شرط بھی ختم کی جارہی ہے جبکہ سیلف آئیسولیشن برقرار رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ، پب میں کیو آر کوڈ سائن اِن کرنے کی شرط اور گھروں میں صرف 6 افراد کی ملاقات کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔برطانوی وزیراعظم نے مزید کہا کہ گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی پابندی بھی ختم کی گئی ہے جبکہ 19 جولائی سے تمام بزنس اور نائٹ کلب کھل جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن کے مثبت نتائج کے سبب پابندی اٹھانا ممکن ہوا ہے، 29 جولائی تک ملک کی تمام بالغ آبادی کو پہلی ڈوز، دو تہائی کو دوسری ڈوز بھی لگادی جائے گی۔وزیر اعظم کے اعلان کے بعد ورکرز یونیونینز نے پبلک ٹرانسپورٹ اور شاپس میں ماسک کی پابندی کے خاتمے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔