نیپرا

بلیک آوٹ کے دوران بجلی بروقت بحال نہ ہونے پر این ٹی ڈی سی پر ایک کروڑ جرمانہ

اسلام آباد(نمائندہ عکس) نیپرا نے بلیک آٹ ہونے کے دوران بجلی بروقت بحال نہ ہونے پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی(این ٹی ڈی سی)پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ستمبر 2021 میں جامشورو گرڈ اسٹیشن پر ٹرپنگ کا معاملے پر نیپرا کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ٹرپنگ گرڈ اسٹیشن پر آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ہوئی، جس سے کے ٹو، چائنا پاور حب اور ہوا سے پیدا کی جانے والی بجلی سسٹم سے نکل گئی تھی، جس کے نتیجے میں یکم ستمبر 2021 کو حیسکو اور کے الیکٹرک میں جزوی بلیک آٹ ہوا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیپرا اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ جرمانہ بجلی سپلائی کی بروقت بحالی میں ناکامی پر کیا گیا۔ این ٹی ڈی سی کو حیسکو اور کے الیکٹرک کو بجلی سپلائی کی بحالی میں تقریبا 2 گھنٹے اور 33 منٹ لگے تھے۔ اتھارٹی نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے این ٹی ڈی سی کو مکمل تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی۔

نیپرا کے مطابق این ٹی ڈی سی نے مذکورہ انکوائری کی اور اتھارٹی کو تفصیلی رپورٹ پیش کی جس کی بنیاد پر اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی تھی۔ اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت این ٹی ڈی سی سے وضاحت طلب کی اور شوکاز نوٹس بھی جاری کیا، تاہم این ٹی ڈی سی مقررہ وقت میں کوئی بھی جواب دینے میں ناکام رہا۔ بعد ازاں اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی کے خلاف کارروائی شروع کی گئی، جس میں این ٹی ڈی سی نیپرا قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں