اسلام آباد(عکس آن لائن ) گزشتہ 10 ماہ کے مقابلہ میں اکتوبر2020 کے دوران ملک میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اکتوبر2020 کے دوران ایف ڈی آئی کا حجم 317.4 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ اکتوبر 2019 کے دوران پاکستان میں 126.5 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020 کے دوران پاور پروڈکشن، تھری اور فور جی موبائل انٹرنیٹ اور تیل و گیس کی تلاش کے شعبوں میں کی جانے والی غیر ملکی سرمایہ کاری ایف ڈی آئی میں نمایں اضافہ کا سبب ہے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020 کے دوران پاور سیکٹر میں مجموعی ایف ڈی آئی کے 75 فیصد کے مساوی یعنی 239 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ایس بی پی کے مطابق اکتوبر 2019 میں چین کی سرمایہ کاری 64.3 ملین ڈالر تھی جو اکتوبر 2020 میں 332.3 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ اسی طرح ہالینڈ کی ایف ڈی آئی 22.5 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 51.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ مالٹا کی سرمایہ کاری میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا اور اس کا حجم 74.1 ملین ڈالر رہا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ کی ایف ڈی آئی 38.9 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 36.9 ملین ڈالر تک کم ہو گئی تاہم ہانگ کانگ کی جانب سے کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 37.2 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 46.4 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔