سپریم کورٹ

اولڈ ریلوے گالف کلب عملدرآمد کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

اسلام آباد (عکس آن لائن)سپریم کورٹ نے اولڈ ریلوے گالف کلب عملدرآمد کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ۔ عدالت عظمی سیکرٹری ریلوے کو اولڈ ریلوے گالف کلب کے ٹینڈرز کے لیے اشتہار جاری کرنے کاحکم دیتے ہوئے نجی آڈٹ کمپنی کو دو ہفتوں میں کلب کا 2017 کا آڈٹ مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔

پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی ۔دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے کہ عوامی مفاد میں یہ مقدمہ عدالت کے پاس آیا کہ پبلک پراپرٹیز کا غلط استعمال ہورہا ہے،کیا کلب کے 2016 تک کے مالی معاملات میں خورد برد اور بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔اس دوران جسٹس اعجاز الااحسن نے ریمارکس دئیے کہ کلب کے سابق چیف ایگزیکٹیو شاہ رخ نے کلب میں بھرتیاں کیں،سابق سی ای او نے کلب کی ممبر شپ اور مالی معاملات کے بھی فیصلے کیے،سابق سی ای او کے فیصلوں سے 96 ملین کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں،کلب کے مالی معاملات پر آڈٹ رپورٹس کا الگ سماعت میں جائزہ لیں گے۔نجی کمپنی حکام نے اس موقع پر عدالت کو بتایا کہ کلب کے مالی معاملات کے لیے ہماری کمپنی ذمہ دار ہے۔

دوران سماعت سیکرٹری ریلوے نے عدالت کو بتایا کہ کلب کے لیے اشتہار دینے کی تیاری مکمل کر لی ہے،دو ہفتوں میں ٹینڈر کیلئے نیشنل انٹرنیشنل اشہار دیدیا جائے گا۔اس موقع پر اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے عدالت کو بتایا کہ ریلوے نے آڈیٹر جنرل کو 96 ملین کی بے ضابطگیوں کا جواب دے دیا ہے، ریلوے کے جواب پر آڈیٹر جنرل نے آڈٹ پیراز پر حتمی رائے دینی ہے۔عدالت عظمی نے سیکرٹری ریلوے کو اولڈ ریلوے گالف کلب کے ٹینڈرز کے لیے اشتہار جاری کرنے کاحکم دیتے ہوئے نجی آڈٹ فرم کو دو ہفتوں میں مذکورہ کلب کا 2017 کا آڈٹ مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ پر سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں