صنعاء (عکس آن لائن )یمن کے مغربی ساحل میں مشترکہ افواج نے حوثی ملیشیا کی جانب سے الحدیدہ صوبے میں 12 گھنٹوں کے دوران فائر بندی کی 90 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق مشترکہ افواج نے بتایاکہ ان خلاف ورزیوں کا زور جن اضلاع میں رہا ان میں حیس، تحیتا، دریہمی کے علاوہ الفازہ ، الجبلیہ اور الحدیدہ شہر کے مشرقی علاقے شامل ہیں۔خلاف ورزیوں کے دوران حوثی ملیشیا نے رہائشی علاقوں اور شہریوں کے فارمز کو اندھادھند گولہ باری کا نشانہ بنایا۔ اسی طرح مارٹر گولوں، آر پی جی گرینیڈز اور درمیانے ہھتیاروں سے بھی حملے کیے گئے۔
مشترکہ افواج کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر فائر بندی کی خلاف ورزی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس دوران الحدیدہ کے مختلف علاقوں میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔دوسری جانب الحیدہ کے جنوب میں تحیتا شہر کے شمال مشرق میں مشترکہ افواج نے حوثی ملیشیا کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس دوران ملیشیا کے 7 ارکان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بقیہ حوثی عناصر تین لاشوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔واضح رہے کہ مغربی ساحل کے علاقے میں حوثی ملیشیا اور یمنی مشترکہ افواج کے درمیان لڑائی میں اضافے پر یمن کے لیے اقوام متحدہ کا مشن اپنی شدید پریشانی کا اظہار کر چکا ہے۔ مشن نے فریقین پر زور دیا کہ وہ تشدد کی لہر سے اجتناب برتیں تا کہ انسانی جانوں کے مزید نقصان اور تباہی سے بچا جا سکے۔