اسلام آباد(عکس آن لائن ) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک نے پولیو خاتمہ پروگرام کے لیے بڑے پیمانے پر مالی اعانت کی، پروگرام نے ایک مذہبی عنصر لانے میں بھی کردار ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے پولیو کے خاتمے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو خاتمہ پروگرام کی حمایت کے لیے اس کا حصہ بننے پر فخر ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ پروگرام میں شریک اسٹیک ہولڈرز کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
حماد اظہر نے حکومت پاکستان کی جانب سے ایل ایل ایف ڈونر سرٹیفکیٹ پر بھی دستخط کیے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامک ڈویلپمنٹ بینک نے 12.43 بلین ڈالر کے پورٹ فولیو کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ پروگرام سے پولیو وائرس کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ سنہ 1988 میں پروگرام کے آغاز پر پولیو 125 سے زائد ممالک میں موجود تھا، روزانہ تقریبا 1 ہزار سے زائد بچے پولیو سے مفلوج ہوتے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حفاظتی ٹیکے 3 ارب بچوں تک پہنچائے گئے، پولیو میں 99 فیصد کمی ہوئی۔ آئی ایس ڈی بی نے پولیو خاتمہ پروگرام کے لیے بڑے پیمانے پر مالی اعانت کی۔ پروگرام نے ایک مذہبی عنصر لانے میں بھی کردار ادا کیا ہے۔