اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فضل الرحمان کیخلاف کارروائی کی درخواست خارج کر دی

اسلام آباد(عکس آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ مجھے بتائیں ہمیں کسی کو کیوں روکنا چاہیے، ہمارے بارے میں بھی بہت کچھ کہاجاتا ہے، ہمارے اپنے کردار ایسے ہونے چاہیے کہ کوئی ہمارے بارے میں ایسی بات نہ کرے، گلوبل ورلڈ ہے سوشل میڈیا کا دور ہے آپ کس کس کو روکیں گے، ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے۔

بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف فوج مخالف تقریر پر کارروائی کی درخواست کی سماعت کی۔شہری شاہجہان خان نے درخواست میں مولانا فضل الرحمان، وفاق، چیف الیکشن کمشنر اور چیئرمین پیمرا کو فریق بناتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی تقاریر اور ان کی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کی جائے، وزیراعظم آفس سے پوچھا جائے کہ انہوں نے ابھی تک مولانا فضل الرحمان کی تقاریر پر کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا؟۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے بارے میں بھی بہت کچھ کہا جاتا ہے، مجھے بتائیں ہمیں کسی کو کیوں روکنا چاہیے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ایسی باتوں سے کسی کو کیسے فرق پڑ سکتا ہے، ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہے، کیا آپ نے اسلام پڑھا ہے، امام ابوحنیفہ اپنے شاگردوں سے اظہار اختلاف کرتے تھے۔جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا کہ یہ گلوبل ورلڈ ہے اور سوشل میڈیا کا دور ہے ،کس کس کو روکیں گے، ہمارے اپنے کردار ایسے ہونے چاہئیں کہ کوئی ہمارے بارے میں ایسی بات نہ کرے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں