لاہور(عیکس آن لائن) احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ اور رمضان شوگر ملز کیسزکی سماعت 18مئی تک ملتوی کر دی ۔جیل حکام کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو عدالت کے رو برو پیش کیا گیا جبکہ حمزہ شہباز بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ڈیوٹی جج اسد علی نے دونوں کیسزمیں حاضری مکمل کرنے کے بعد سماعت 18مئی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو بھی پابند کر دیا ۔
کمرہ عدالت میں حمزہ شہباز ، رانا ثنا اللہ خان اور عطا اللہ تارڑ نے شہباز شریف سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کرنے سمیت مجموعی سیاسی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا اور ان سے رہنمائی حاصل کی ۔ اس موقع پر اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ نے شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت درخواست ضمانت کے کیس پر بریفنگ دی جس پر شہباز شریف نے اطمینان کا اظہار کیا ۔کمرہ عدالت میں شہباز شریف کی سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سے بھی ملاقات ہوئی ،شہباشریف نے احد چیمہ کو رہائی پر مبارکباد دی ۔