دوست محمد مزاری

PDMکا بیانیہ پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے،دوست محمد مزاری

لاہور (عکس آن لائن)قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہاہے کہ جلسے جمہوریت کا حسن، لیکن ان جلسوں کی آڑ میں ملک دشمنی کی اجازت نہیں دیں گے۔

PDMکا بیانیہ پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ریاستی اداروں کے خلاف زہریلی شعلہ بیانی کرنے والوں کوعوام کی مدد سے بے نقاب کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی فوج کے خلاف ہرزہ سرائی سے ثابت ہو گیا ہے کہ ان کا مخلص پاکستان ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔

افواجِ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کرنے والے ملک و قوم کے کبھی خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اداروں پر کیچڑ اچھال کر اور قومی اداروں کر تنقید کا نشانہ بنا کر اپوزیشن ثابت کر رہی ہے کہ انکو ملکی مفاد عزیز نہیںمگر 22کروڑ پاکستانی متحد ہو کر اپوزیشن کے ان عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔وطنِ عزیز کا دفاع کرنے والے پاک فوج کے جوان ہمارے ہیرو ہیں، فوج ملکی سلامتی کی بقاءکی ضامن ہے اور پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

کوئی محبِ وطن ملک و قوم اور فوج کے مفاد کے خلاف نہیں جا سکتا ، اس لیے ن لیگ کا اب کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔انہوں نے آخر میں کہا کہ جمہوریت کے مستقبل کو غیر جمہوری سوچ رکھنے والی اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، خطرہ صرف اور صرف کرپشن ، لوٹ مار اور کمیشن کی سیاست کو ہے۔لندن سے بیٹھ کر فوج کو ٹارگٹ کرنے والے اتنے بہادر ہیں تو پاکستان آئیںاور آ کر دیکھیں کہ پاکستانی قوم ان کے بیانیہ پر انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں