مولانا فضل الرحمن

نیب کی نظر میں ہر پاکستانی مجرم ہے، مولانا فضل الرحمان

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نیب کی نظر میں ہر پاکستانی مجرم ہے، ہمیں کہا گیا کہ کے پی میں مذہب کی جڑیں ختم کرنے کے لئے نیازی کو حکومت دی گئی، جو شخص کہے کہ اگر نیازی نمرود کو بھی کھڑا کرے تو میں اس کو بھی ووٹ دوں گا ، اس قسم کی باتیں فتنے کی علامت ہیں اور جے یوآئی نیازی فتنے پر آنکھیں بند کرکے نہیں بیٹھ سکتی۔

مرکزی مجلس عمومی کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ علما کی جماعت قرآن کریم کے دئے گئے احکامات کو نظر انداز نہیں کرسکتی ، پاکستان کی مجموعی سیاست میں تمام مسالک کے علما متفق ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہماری جمہوریت کا تعین ہمارا آئین کرتا ہے، مملکت کی حکمرانی عوام کی تائید سے ہو لیکن طریقہ حکمرانی قرآن وسنت کی روشنی میں ہو۔

انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے حوالے سے حکومت کا بنیادی ہدف انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین میں اصلاحات ہیں، بیرون ملک موجود پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا شوشہ چھوڑا گیا اس کے لئے کوئی مناسب طریقہ نہیں تھا اور اس میں نوے فیصد دھاندلی کا اندیشہ تھا ۔ جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ نیب کی نظر میں ہر پاکستانی مجرم ہے، نیب اپنے وجود سے تاحال کرپشن کے خلاف کام کر رہا ہے، لیکن کوئی نتیجہ نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارکن سیلاب میں متاثرہ افراد کی آگے بڑھ کر خدمت کریں ،حکومتوں کا انتظار نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں