کرہ ارض پر بسنے والے ہر انسان کو ماحول دوستی کا فرض ادا کرنا ہوگا،وزیر اطلاعات

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ کرہ ارض پر بسنے والے ہر انسان کو ماحول دوستی کا فرض ادا کرنا ہوگا۔عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر پیغام میں کہاکہ کرہ ارض پر بسنے والے ہر انسان کو ماحول دوستی کا فرض ادا کرنا ہوگا، وقت کی پکار ہے کہ انسانیت عالمی اتحاد بنا کر ماحول کا تحفظ کرے، بڑھتے عالمی درجہ حرات، جنگلات میں کمی، گلیشئرز کا پگھلنا بڑھتے خطرات ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پہلے ماحول دوست وزیراعظم اور ایک عالمگیر تحریک چلارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نوجوانوں اور دنیا کو احساس دلارہے ہیں کہ ماحول بہتر بنانا کتنا ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی ماحول کو بہتر بنانے، درخت لگانے کی کاوشوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیاگیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں پہلی بار شجرکاری اور ماحول دوستی کو پالیسی سطح پر اتنی توجہ اور محنت سے فروغ دیا جا رہا ہے، یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستان میں ماحولیاتی شعبے میں نمایاں نتائج نظر آئیں گے ۔انہوںنے کہاکہ اس سال ماحولیات کے عالمی دن کی میزبانی کا شرف پاکستان کو ملنا دراصل پاکستان کے ماحول دوست اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف ہے، عالمی اداروں نے پاکستان کے ماحولیات کے حوالے سے عزم کو دل کھول کر سراہا ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ قدرت نے ہمیں ہر قسم کے ماحولیاتی نظام سے نوازا ہے، سمندر، ساحل، زرعی میدان، صحرائ، دریاء اور تین عظیم پہاڑی سلسلوں کوہ ہندوکش، ہمالیہ اور قراقرم کا سنگم بھی پاکستان میں واقع ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک بھر میں جنگلات کی بحالی، فروغ اور بڑے پیمانے پر شجرکاری کے ذریعے سبز ماحولیاتی انقلاب برپا کرنے کا بیڑہ اٹھایا، بلین ٹری کا لفظ پاکستان کی پہچان بن گیا ہے، کئی دوسرے ممالک بھی اس منصوبے کی تقلید کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں