امریکی وزیرخارجہ

ایران کو راہ راست پر لانے کے لئے دباؤ برقرار رہے گا،امریکی وزیرخارجہ

واشنگٹن(عکس آن لائن)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کی جانب سے بین الاقوامی جوہری معاہدے کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور تہران سے اس بارے میں باز پرس کی جائے۔

عرب ٹی وی کے مطابق مائیک پومپیو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایران کا جوہری مواد سے متعلق رپورٹس فراہم نہ کرنا جوہری عدم پھیلاؤ معاہدوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کو اپنی تمام تر تنصیبات آئی اے ای اے کے تفتیش کاروں کے لیے کھولنی چاہئیں اور اسے عالمی توانائی ایجنسی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کی سختی سے پابندی کرنی چاہیے۔پومپیو نے مزید کہا کہ ایران کو ایٹمی پروگرام کے بارے میں جھوٹ بولنے سے باز آنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو چھپانے کے لیے جھوٹ بول رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن نے ایران کو نئے کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے میں مدد کی پیش کش کی ہے۔ایک سوال کے جواب میں مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکہ ، تہران کا رویہ تبدیل کرانے کے لیے دباؤ اس پر ڈالتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں