صدر مملکت

ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے مسیحی برادری کی کوششیں قابل تحسین ہیں، صدر مملکت

اسلام آباد (عکس آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے مسیحی برادری کی کوششیں قابل تحسین ہیں، ہم ایک ایسا معاشرہ بنانے کے لئے پرعزم ہیں جہاں اختلاف رائے کا احترام ہو، صبر و برداشت کا ماحول ہو اور تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مواقع میسر آئیں، ہم سب مل کر اپنے بچوں کے لئے ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان بنا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اپنے تمام مسیحی بھائیوں کو کرسمس کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ایک تہوار اور تقریب سے بڑھ کر کرسمس کی روح محبتیں بانٹنا اور پوری انسانیت سے محبت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی نے امن، بھائی چارے اور پوری انسانیت کے لئے محبت کے پیغام کی تبلیغ کی، وہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے قابل تعظیم ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مادر وطن میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ہماری مسیحی برادری کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

میں اس موقع پر پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عیسائی بھائیوں کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام شہریوں کی ان کے عقیدے، نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر برابری اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتی ہے، اس بنیادی اصول کے متعلق ہمارا عزم اسلام کی تعلیمات، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور ہمارے آئین میں فراہم کردہ مصمم یقین دہانیوں پر مبنی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم ایک ایسا معاشرہ بنانے کے لئے پرعزم ہیں جہاں اختلاف رائے کا احترام ہو، صبر و برداشت کا ماحول ہو اور تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مسیحی بھائیوں پر فخر ہے اور ہم مل کر اپنے بچوں کے لئے ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان بنا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں