سٹیٹ بینک

شہری منسوخ شدہ پرائز بانڈز کیش کرانے کی تاریخ میں توسیع کا فائدہ اٹھائیں،سٹیٹ بینک

کراچی (عکس آن لائن)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ شہری وفاقی حکومت کی جانب سے 7,500روپے، 15,000روپے، 25,000 روپے اور 40,000روپے مالیت کے پرائز بانڈز کے تبادلے / کیش کرانے کے لیے فراہم کردہ توسیعی مدت سے فائدہ اٹھائیں، تاریخ میں 30 جون 2023تک توسیع کی گئی ہے۔ قبل ازیں حکومت نے ان پرائز بانڈز کو کیش کرانے کے لیے 30 جون 2022 کی تاریخ مقرر تھی تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کر اسکے انہیں آخری موقع دیتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023 تک توسیع کی گئی ۔

بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مذکورہ پرائز بانڈز کے سرمایہ کاروں کو انہیں کیش کرانے یا تبادلے کے لیے درج ذیل آپشنز دئیے گئے ہیں جن میں ظاہری مالیت پر کیش کرانا، ان بانڈز کی ( 25,000 روپے ، 40,000 روپے کے )پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) میں منتقلی اور انہیں سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلنا شامل ہے۔ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023 تک کیا جا سکتا ہے۔

سٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز کیش کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے بارے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ان بانڈز کو رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس آخری موقعے سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز 30 جون 2023سے قبل تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی معیاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو کیش یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گا، یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں