مرتضی سولنگی

8 فروری کے انتخابات کے بارے بہت سے لوگوں نے قیاس آرائیاں کیں، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد(عکس آن لائن)نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات کے بارے بہت سے لوگوں نے قیاس آرائیاں کیں۔

اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا، وفاقی حکومت نے اپنا مؤقف مستقل مزاجی سے پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے، میڈیا کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق سے ضرور آگاہ ہونا چاہیے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ ملک وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام پر چلے گا، اس پر سب کا اتفاق ہے، 18ویں ترمیم میں آرٹیکل 224 میں ترمیم کر کے نگراں حکومتوں کا نظام لایا گیا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پارلیمانی نظام میں قانون سازی سے بہتری لائی جا سکتی ہے، عوام کے پاس اختیار ہونا چاہیے کہ وہ اپنے منتخب نمائندوں کو جوابدہ بنائیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ری کالنگ الیکشن کا تصور سب سے پہلے یونان میں شروع ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں