مظفر آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ 5فروری یوم یکجہتی کا دن اہل پاکستان اور اہل کشمیر کے لازوال رشتے، مذہبی،ثقافتی اورسماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے،کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔
ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا۔یوم یکجہتی کشمیرصرف پاکستان اور آزادکشمیر میں نہیں بلکہ مقبوضہ جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری بھی اس دن کوجو ش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔ میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام آپ کی پشت پر ہیںاور سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے ۔وہ وقت دور نہیں کہ جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے اور آزاد فضاؤں میں فتح کا جشن منائیں گے۔پانچ اگست2019اور اس کے بعد انتہاء پسند آر ایس ایس کی ہندوستانی حکومت نے جو اقدامات اٹھائے اس کو ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے یکسر مستر د کر دیا ہے۔
میں اپنے ان تمام بھائیوں، بیٹیوں اور بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے ہندوستان کے مظالم کے سامنے سر نہیں جھکایا بلکہ اسی طرح سے اپنا سر فخر سے بلند رکھا جس طرح سے ان کے بزرگوں، بیٹیوں اور بیٹوں نے تحریک آزادی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو کسی بھی قیمت پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ میں حکومت پاکستان، پاکستان کی تمام سیاسی،مذہبی،سماجی جماعتوں اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح یہ دن شان وشوکت اور نظریاتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا۔
کنٹرول لائن پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی ماند کھڑے پاک فوج کے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتاہوں جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے قربانیوں کی ان مٹ تاریخ رقم کی۔ کشمیریوں کو پاکستان کی خارجہ پالیسی پر پورا اعتماد ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان ہی دنیا میں ہمارا اکلوتا وکیل ہے جس نے ہر فورم پر محکوم کشمیریوں کی آواز بلند کی ہے۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہش مند ہے جبکہ ہندوستان اس خطے میں دہشتگردی کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ ہندوستانی حکومت کے انتہاء پسندانہ اقدامات نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پرہندوستان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم وجبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بے گناہ اور بے سروسامان کشمیری عوام پرنہ آزمایا ہو لیکن کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ ہندوستان کے یکطرفہ اقدامات سے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف نہیں ہو سکتا۔ انشاء اللہ حق اور انصاف کی فتح ہو گی۔ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی استبدادسے آزادہوگا اور ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان سے ہو گا۔