اسلام آباد (نمائندہ عکس)چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائد اعظم کے نظریے و ویژن کی علمبردار جماعت ہے،آمریت پاکستان میں انتہاپسندی اور کلاشنکوف کلچر کی ماں ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق 5 جولائی کی مناسبت سے خصوصی پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ 5جولائی 1977 قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، 45سال قبل آج کے دن پہلے منتخب حکومت کا خاتمہ کیا گیا، پاکستان آج تک سیاسی، معاشی اور معاشرتی بیماریوں کو جھیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرتی بیماریوں کے تانے بانے آمریت کے دور سے ملتے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کو سیاسی منظر سے ہٹانے کے لیے عدالتی قتل کا اسٹیج تیار کیا گیا، ڈکٹیٹر نے پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان کو جیلوں میں بند کردیا، عوام نے آمر کی غاصبانہ حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائد اعظم کے نظریے و ویژن کی علمبردار جماعت ہے۔