ڈاکٹر فیصل سلطان

40 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کا عمل شروع ہوگیا، ڈاکٹر فیصل سلطان

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ 40 سال سے زائد عمر کے لوگوں میں ویکسین کی فراہمی کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے جس کی رجسٹریشن کا آغاز گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا،رواں سال جون کے آخر تک ایک کروڑ 90 لاکھ خوراک حاصل ہوجائیں گی جن میں سے 90 فیصد خریداری کے ذریعے حاصل ہوں گی۔ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ حکومت نے گزشتہ سال جولائی میں گاوی کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کردیا تھا جس وقت کوئی ویکسین نہیں بنی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ای سی سی نے 15 کروڑ ڈالر 30 نومبر کو منظور کیے تھے جسے کابینہ نے یکم دسمبر کو منظور کیا تھا اور اس وقت بھی دنیا میں کوئی ویکسین منظور نہیں کی گئی تھی۔انہوںنے کہاکہ رواں سال جون کے آخر تک ایک کروڑ 90 لاکھ خوراک حاصل ہوجائیں گی جن میں سے 90 فیصد خریداری کے ذریعے حاصل ہوں گی۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہم صرف عطیات پر انحصار نہیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت اب تک 3 کروڑ ویکسین کی خوراک کے معاہدوں پر دستخط کرچکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں موجودہ آبادی میں ویکسینیشن لگوانے کیلئے اہل 10 کروڑ کے قریب ہیں، باقی 18 سال سے کم ہیں اور اکثر ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے لیے رجسٹرڈ ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہم سال کے آخر تک 7 کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانا چاہتے ہیں اور جون تک کے لیے ہونے والے معاہدوں کو دیکھتے ہوئے حکومت کو اس ہدف پر تسلی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ویکسین کی طلب زیادہ اور پیداوار کم ہے جس کی وجہ سے چند امیر ترین ممالک کو بھی اپنی ویکسین مہم کو سست کرنا پڑا ہے تاہم اس صورتحال میں بھی حکومت عوام کو ویکسینیشن فراہم کرنے میں کامیاب ہورہی ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ’ویکسین بنانے والے کئی ممالک نے ویکسین کی برآمدات پر پابندی عائد کررکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں