اسلام آباد / راولپنڈی (گلف آن لائن)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے ”آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ”کے 4 برس مکمل ہونے پر پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کے 2 لڑاکا طیاروں کو گرا کر ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا اور پاک فضائیہ نے اس کامیابی کو آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کا نام دیا تھا۔
27فروری پیر کو اس آپریشن کو 4 برس مکمل ہونے پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے پلواما فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی تھی، پاکستان کی جانب سے جرآت مندانہ، پرعزم اور ذمہ دارانہ ردعمل نے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ دن (27 فروری) اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی امن پسند قوم ہے اور پاک افواج وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا ہمیشہ بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے 27 فروری کی مناسبت سے جاری پیغام میں کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 27 فروری 2019 کو پلواما حملے کے بہانے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیا گیا جس پر آج قوم پاک فضائیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کے ساتھ پرامن رہنے کے خواہاں ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ 27 فروری بھارت کے لیے ایک ڈراؤنا خواب رہے گا، یوم فتح پاک فضائیہ کی پروفیشنل ازم کا دن ہے، یوم فتح پر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اساس لا الہ الااللہ ہے، 27 فروری بھارت کے لیے ایک ڈراؤنا خواب رہے گا، پاک فضائیہ اقبال کی عقابی روح کی شاہکار ہے۔انہوں نے پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ابھی نندن زندہ رہے گا بھارت اپنے زخم چاٹتا رہے گا،
کشمیریوں کو اپنی پاک فضائیہ پر فخر ہے۔یاد رہے کہ 14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے شہر پلواما میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر حملے میں 44 بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کا الزام بھارت نے ہمیشہ کی طرح پاکستان پر عائد کیا تھا تاہم پاکستان نے اس کی تردید کی تھی۔اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا، اسی دوران 26 فروری 2019 کوبھارتی طیاروں نے آزاد کشمیر کے علاقے بالاکوٹ میں دراندازی کی کوشش کی جسے پاکستانی طیاروں نے ناکام بنا دیا تھا۔
اس کے اگلے ہی روز یعنی 27 فروری کو بھارتی طیاروں نے ایک مرتبہ پھر دراندازی کی کوشش کی جس کے جواب میں پاک فضائیہ نے 2 بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور پاکستانی حدود میں گرنے والے ایک طیارے میں سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کرلیا تھا تاہم گرفتاری کے چند روز بعد ہی پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے واپس بھارت کے حوالے کردیا تھا۔