لاہور( عکس آن لائن)عالمی ادارہ صحت نے 2050تک دنیا بھر میں کینسر کیسز میں 77 فیصد اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
عالمی ادارہ صحت کی بین الاقوامی ایجنسی برائے تحقیق کے نئے ڈیٹا میں2050تک کینسر کیسز کی تعداد میں بڑے اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق 2050 میں کینسر کی عالمی تشخیص 35 ملین تک پہنچ جائے گی۔ڈبلیو ایچ او کی بین الاقوامی ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار میں 185 ممالک اور بیماری کی 36 اقسام شامل ہیں۔
محققین نے کینسر کی شرح میں متوقع اضافے کی وجوہات میں موٹاپا، تمباکو اور الکوحل کا استعمال، نیز ماحولیاتی عوامل جیسے فضائی آلودگی کی طرف اشارہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال2022 میں پھیپھڑوں کا کینسر دنیا بھر میں کینسر کی سب سے عام شکل تھا، اس کے بعد خواتین کی چھاتی، پروسٹیٹ اور پیٹ کے کینسر ہیں۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ دنیا بھر میں کینسر کے لیے بڑی عدم مساوات اور مالی تحفظ کا فقدان ہے، اور کم آمدنی والے ممالک میں لوگ کینسر کی دیکھ بھال کی بنیادی باتوں تک رسائی سے قاصر ہیں۔صورتحال کے پیش نظر ڈبلیو ایچ او انسداد کینسر کے اقدامات کے ذریعے75 سے زیادہ حکومتوں کے ساتھ مل کر کینسر کی دیکھ بھال کو فروغ دینے کے لیے پالیسیاں تیار کرنے اور مالی اعانت اور ان پر عمل درآمد کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔