شیخ رشید

13 پارٹیوں کے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر خود بھاگ گئے ہیں’ شیخ رشید

لاہور(عکس آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی، بات چیت کی ضرورت ہے،

13 پارٹیاں اور اس کے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر خود بھاگ گئے ہیں اور ملبہ نگران حکومت پر ڈال رہے ہیں، ایک لندن میں، دوسرا دبئی، تیسرا سعودی عرب چلا گیا ہے اور عوام بیچارے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں، شٹر ڈائون ہڑتال نے ثابت کیا ہے کہ کاروباری طبقہ بھی مسائل کے شکنجے میں آگیا ہے۔

اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 48 گھنٹے میں بجلی میں ریلیف دینے کی بات کی گئی تھی ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا، پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی، بات چیت کی ضرورت ہے اور بات چیت سے ہی حل نکلے گا سیاست میں کبھی بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے جاتے۔

انہوں نے کہا کہ ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا، حالات بہتری کی طرف لے کر جانے پڑیں گے ،افسوس کی بات ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں کو بھی نہیں مانا جا رہا ،اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے ،استحکام نہیں آئے گا تو حالات سنگین اورگھمبیر ہو جائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ستمبر اہم ترین مہینہ ہے، دیکھنا یہ ہے یہ ستمگر ہوگا یا عوام کے لئے خوش آئند ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں