امام مسجد اقصیٰ

یہودیوں کو مسجد اقصی پر دھاووں کی اجازت خطرناک ہو گی،امام مسجد اقصیٰ

مقبوضہ بیت المقدس (عکس آن لائن )مسجد اقصی کے امام وخطیب الشیخ عکرمہ صبری نے خبر دار کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے یہودی آباد کاروں کو مسجد اقصی پر دھاووں کی اجازت دی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اسرائیل کی طرف سے مسجد اقصی کے مراکشی دروازے کو کھولنا اس بات کا اشارہ ہے کہ صہیونی ریاست یہودی آبادکاروں کو قبلہ اول پر دھاووں کی اجازت دینے کی تیاری کررہی ہے۔

اگر اسرائیل نے یہودیوں کے لیے مراکشی دروازہ کھول دیا تو ہزاروں فلسطینی خود ہی مسجد اقصی کے دورسرے دروازے کھول دیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں الشیخ صبری نے کہا کہ فی الحال مسجد اقصی میں نماز ادا کرنے والے فلسطینیوں کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ وہاں بہت کم لوگ نماز کے لیے آتے ہیں۔ مسجد کی انتظامیہ کے افراد وہاں اذان دیتے اور نماز ادا کرتے ہیں جب کہ عوام الناس کو کرونا کی وجہ سے مسجد اقصی میں نمازوں کی ادائی سیروکا گیا ہے۔

یہودی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصی کے مراکشی دروازے کو کھولنے کی اجازت دینے کے مطالبات پر بات کرتے ہوئے الشیخ صبری کا کہنا تھا کہ یہودی آبادکار قبلہ اول میں داخل ہونے اور مذہبی رسومات کی ادائی کے لیے حیلے بہانے تراش رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرونا کی وجہ سے مسجد اقصی کی بندش ہم سب کے لیے پریشانی اور صدمے کا باعث ہے مگر موجودہ حالات میں ہم کوئی ایسا قدم نہیں اٹھا سکتے جس سے فلسطینیوں کی صحت خطرے میں پڑ جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں