ہندوستانی شہری

یکم جولائی 1987 سے قبل پیدا ہونے والے افراد ہندوستانی شہری

نئی دہلی(عکس آن لائن)ایک اعلی سرکاری عہدیدار نے واضح کردیا کہ ایسے تمام افراد جو یکم / جولائی 1987 سے قبل ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں یا ایسے افراد جن کے والدین اس تاریخ سے قبل ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں انہیں شہریت ترمیمی قانون 2019 یا ملک گیر این آر سی سے ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔

قانون شہریت میں 2004 کی ترمیمات کے مطابق آسام کے سواباقی ملک کے ایسے تمام افراد جن کے ماں باپ ہندوستانی ہیں اور نہ ہی غیرقانونی مہاجر ہے تو وہ بھی ہندوستانی شہری تصور کئے جائیں گے ۔ شہریت ترمیمی قانون 2019 کے خلاف احتجاج اور حال ہی میں وضع کردہ قانون کے بارے میں سوشیل میڈیا میں مختلف تبصروں کے درمیان یہ وضاحت جاری کی گئی ہے ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ جو بھی یکم / جولائی 1987 سے قبل ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں یا اس سے قبل ان کے والدین اس ملک میں پیدا ہوئے ہیں تو وہ ہندوستانی تصور کئے جائیں گے ۔ جہاں تک آسام کا تعلق ہے وہاں کی ہندوستانی شہری کی شناخت کی تاریخ 1971 مقرر ہے ۔

ملک بھر میں این آر سی کے نفاذ کے امکان کے بارے میں ایک سوال پر عہدیدار نے جواب دیا کہ اس موضوع پر فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ اس مسئلہ پر ہنوز کوئی تبادلہ خیال ہی نہیں کیا گیا ہے ۔ عہدیدار نے کہا کہ ‘ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آسام میں کئے گئے این آر سی سے شہریت ترمیمی قانون کا تقابل نہ کریں کیونکہ آسام میں شہریت کیلئے مقررہ تاریخ اس سے الگ ہے ‘ قانون شہریت میں 2004 میں کی گئی ترمیمات کے مطابق جو کوئی /26 جنوری 1950 سے یا اس کے بعد لیکن یکم / جولائی 1987 سے قبل ہندوستان میں پیدا ہوا ہے ، ایسا کوئی بھی فرد جو یکم / جولائی 1987 کے بعد لیکن /3 دسمبر 2004 سے قبل ہندوستان میں پیدا ہوا ہے اوراس کی پیدائش کے وقت اس کے ماں باپ میں اگر کوئی ایک بھی ہندوستانی شہری تھا تو وہ ہندوستان کا باضابطہ شہری ہوگا ۔

لیکن /10 دسمبر 1992 یا اس کے بعد جو افر اد ہندوستان کے باہر لیکن /3 دسمبر 2004 سے قبل پیدا ہوئے تھے اور اس کی پیدائش کے وقت ان کے والدین پیدائشی طورپر ہندوستانی شہری تھے تو وہ بھی ہندوستانی شہری ہوں گے ۔ کوئی بھی شخص اگر /3 دسمبر 2004 یا اس کے بعد ہندوستان میں پیدا ہوا ہے اوراس کی پیدائش کے وقت اس کے ماں باپ دونوں ہی ہندوستانی تھے یا پھر دونوں میں سے کوئی ایک ہندوستانی تھا اور دوسرا غیر قانونی مہاجر نہیں تھا تو وہ افراد بھی ہندوستانی ہی ہوں گے ۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں گزشتہ ہفتہ اس حساس قانون کو منظوری دیئے جانے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں پرتشدد احتجاج پھوٹ پڑا ہے ۔ پولیس فائرنگ کے نتیجہ میں تاحال کم سے کم 9 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوچکے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں