یوٹیلیٹی اسٹورز

یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے صرف کی قیمتوں میں 47 روپے فی کلو تک کا اضافہ کردیا

کراچی(عکس آن لائن)یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے صرف کی قیمتوں میں 47 روپے فی کلو تک کا اضافہ کردیا ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق گھی ، آئل ، صرف ، صابن ، شیمپو ، مصالحہ جات سمیت متعدد اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے درجہ اول اور دوئم کے مختلف گھی اور آئل کی قیمت میں اوسطا 70روپے تک اضافہ کیا گیا۔درجہ اول کا برانڈڈ گھی 354 روپے فی کلو سے 402 روپے جبکہ پکانے کا تیل 355 روپے فی لیٹر سے 412روپے فی کلو کر دیا گیا ہے، اس طرح گھی کی فی کلو قیمت میں 47روپے اور برانڈڈ آئل کی قیمت میں 57روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے۔درجہ اول کے گھی کا 5 کلو والا ڈبہ ایک ہزار 795 سے بڑھ کر 2 ہزار 32 روپے ہوگیا، گھی کے ڈبے کی قیمت میں 237 روپے اضا فہ ہوا ہے۔درجہ اول کے 5 لیٹر پکانے کے تیل کے ڈبے کی قیمت ایک ہزار 795 سے بڑھ کر 2 ہزار 85 روپے ہوگئی، اس طرح 5 لیٹر آئل کی قیمت میں 287 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹور پر دودھ کے ڈبے بھی مہنگے کردیئے گئے ہیں، ایک لیٹر برانڈڈ ڈبہ پیک دودھ 157 روپے سے بڑھ کر 162 روپے کا ہوگیا ہے۔اسی طرح مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، 100 گرام ہلدی کا پیکٹ 35روپے سے بڑھ کر 43روپے، 50گرام گرم مصالحہ پاڈر 67 روپے سے بڑھا کر 81 روپے، سفید زیرے کا 200گرام پیکٹ 198سے بڑھا کر 230روپے اور بڑی الائچی کی 100گرام قیمت 95روپے سے بڑھا کر 98روپے کر دی گئی ہے۔155 گرام کھیر مکس کی قیمت میں 24روپے اضافے کے ساتھ 76روپے سے بڑھ کر 100 روپے ہو گئی ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق مکس اچار کی فی کلو قیمت میں 65روپے اضافہ ہوا ہے، مکس اچار 285روپے سے بڑھ کر 350روپے فی کلو ہوگیا ہے، 950 گرام کیچپ کا پاچ 242 سے بڑھ کر 268 روپے کردیا گیا ہے۔کھانے پینے کی اشیا کے علاوہ ضروریات زندگی کا دیگر سامان بھی مہنگا کردیا گیا ہے، 75 گرام ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 43 روپے اضافہ کیا گیا ، جس کے بعد ٹوتھ پیسٹ 285روپے سے بڑھ کر 328 روپے ہوگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں