کووڈ ٹریول پاس

یورپی یونین کے ممالک” کووڈ ٹریول پاس” پر متفق

برسلز (عکس آن لائن)یورپی پارلیمنٹ اور یورپی یونین کے رکن ملکوں کے درمیان”ڈیجیٹل کووڈ سرٹیفکیٹ” پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس سے سفر کو آسان بنانے اور موسم گرما کے سیاحتی سیزن کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔یورپی یونین کے قانون ساز اور رکن ممالک ایک معاہدے پر متفق ہو گئے جس کے تحت یونین کے کسی بھی رکن ملک کے کسی بھی شخص کو کورونا ویکسینشن سرٹیفیکیٹ، کووڈ ٹسٹ کے نتائج یا انفیکشن سے صحت یاب ہونے کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔اس ٹریول پاس یا سرٹیفیکیٹ کی بنیاد پر، جسے یورپی کمیشن نے ”گرین سرٹیفیکٹ” کا نام دیا ہے، کوئی بھی شخص یورپی یونین کے رکن ممالک کے اندر کسی روک ٹوک کے بغیر سفر کر سکے گا۔ اس سے آئندہ موسم گرما کے سیاحتی سیزن میں کافی فائدہ ہوگا اور سیاحوں کو سفر کرنے میں بھی سہولت ہو جائے گی۔ّّ

اس پہل کے روح رواں اوریورپی پارلیمان میں سب سے بڑے گروپ یورپیئن پیپلز پارٹی (ای پی پی) بلاک سے وابستہ رکن جیرون لینیئرز نے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاکہ آنے والے چند ہفتوں کے دوران ہمارے پاس ایک متحدہ یورپی ڈیجیٹل کووڈ سرٹیفیکیٹ ہو گا جسے پوری یورپی یونین میں تسلیم کیا جائے گا اور ا س سے ایک دوسرے ملکوں میں سفر کرنے میں کافی سہولت ہو جائے گی۔ کورونا ویکسین کی دستیابی عام ہونے تک یہ بات طے ہے کہ پہلے کی طرح سفر نہیں کیا جاسکے گا۔ لیکن گرمیوں کی تعطیلات کے لیے اسپین اور یونان جیسے مقبول ترین یورپی سیاحتی مقامات کی پہلے سے بکنگ جاری ہے۔ اس کی ایک وجہ ٹریول آپریٹرز کی جانب سے سفری پابندیاں جاری ہونے کی صورت میں لوگوں کو مفت میں بکنگ منسوخ کرنے کی سہولت دینا ہے۔یہ ٹریول پاس ایک کیو آر کوڈ پر مشتمل ہوگا جسے اسمارٹ فون میں ڈاون لوڈ کیا جا سکے گا یا پھر اسے کاغذ پر پرنٹ بھی کرایا جا سکتا ہے۔

اس ٹریول پاس کو منظور کرنے کے ساتھ ہی رکن ممالک اضافی سفری بندشوں مثلاً مزید جانچ یا قرنطینہ کو، الایہ کہ انتہائی ضروری ہو، ختم کرنے پر رضا مند ہو گئے ہیں۔یورپی یونین کی ہیلتھ کمشنر اسٹیلا کائریا کائیڈس کا کہنا تھایہ یورپی یونین میں حتی الامکان محفوظ طورپر آزادانہ نقل وحمل شروع کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔فرانس، مالٹا اور نیدرلینڈ اس اسکیم کو شروع کرنے والے یورپی یونین کے اولین ممالک ہوں گے۔اس آزمائشی پہل کے تحت اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ ڈیجیٹل آتھینٹیکیشن کے تمام مراحل اور جو پاس جاری کیے گئے ہیں وہ مختلف ممالک میں ان کے سسٹم پر بھی ٹھیک سے کام کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں