یورپی یونین

یورپی یونین نے روس کے خلاف نئی پابندیاں منظور کرلیں

برسلز(عکس آن لائن)یورپی یونین نے یوکرین جنگ کے باعث روس کے خلاف نئی پابندیوں کی منظوری دے دی،عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے اراکین نے روس کے خلاف پابندیوں کا 13 واں پیکیج منظور کرلیا ہے جس کے تحت دو سال سے جاری روس یوکرین جنگ میں ملوث مزید 200 اداروں اور افراد پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

ان افراد اور اداروں کا تعلق دفاعی و عسکری شعبوں اور جنگی پروپیگنڈے سے ہے۔یورپی یونین میں شامل ممالک کے نمائندگان نے برسلز میں روس کے خلاف نئی پابندیوں کے مسودے پر دستخط کیے۔پابندیوں کی منظوری کے بعد یورپی کمپنیاں ان 200 اداروں اور افراد اور ان کے ساتھ روابط رکھنے والی کمپنیوں کو سازوسامان اور ٹیکنالوجیز فروخت نہیں کرسکیں گی۔

نئی پابندیوں کی باقاعدہ منظوری یورپی یونین کے 24 فروری کو ہونے والے اجلاس میں دی جائے گی، یاد رہے کہ 24 فروری وہ تاریخ ہے جب روس نے یوکرین پر حملہ کردیا تھا۔یورپی کمیشن کی صدر اورزولا فون دیر لاین نے روس کے خلاف نئی پابندیوں کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں