پروفیسر خالد محمود

ینگ ڈاکٹرز کو اپنے سینئرز کی پیشہ وارانہ مہارت سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے،پروفیسر خالد محمود

لاہور(عکس آن لائن) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر خالد محمود نے کہا ہے کہ میڈیکل کے شعبے میں وسیع تجربات کے حامل ڈاکٹرز کا کوئی نعم البدل نہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ دکھی انسانیت کی خدمت میں گزارا ہوتا ہے۔نئے آنے والے ینگ ڈاکٹرز کو اپنے سینئرز پیش رو کی صلاحیتوں و پیشہ وارانہ مہارت سے بھرپور استفادہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں گنوانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹرز خوش نصیب ہیں جو بلا رنگ و نسل امیر وغریب مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولتیں بہم پہنچا کر دعائیں سمیٹے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے پہلے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پی آئی این ایس ڈاکٹر شاہد میو کی ریٹائرمنٹ کے موقع اُن کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقربب میں پروفیسر آصف بشیر،پروفیسر انور چوہدری،ایم ایس ڈاکٹر علی رزاق، ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ نیورالوجی ڈاکٹر محسن ظہیر، ڈائریکٹر فنانس محمد عارف،کبیر نیازی، انتظامی ڈاکٹرز، فارماسسٹ، اور نرسنگ انتظامیہ نے شرکت کی۔
پروفیسرڈاکٹر خالد محمودنے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریض اور ڈاکٹرز کے درمیان باہمی کو آرڈینیشن کو بطور مضمون طبی نصاب کا حصہ بنانا چاہیے تاکہ ہسپتال آنے والے مریضوں اور اُن کے ڈاکٹرز کے درمیان رابطے کا مکمل نظام ہسپتال میں موجود ہو۔اس موقع پر ڈاکٹر عارف شہزاد بھٹی، ڈاکٹرجنید مرزا، ڈاکٹر رانامحمد شفیق، رانا بشارت و دیگر مقررین نے ڈاکٹر شاہد میو کی خدمات کوشاندار الفاظ میں سراہا کہ وہ اپنے فرائض بہت محنت اور جانفشانی سے سر انجام دیتے رہے اور ہمیشہ اپنی ڈیوٹی کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور مختلف عہدوں پر اپنی سرکاری ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔
ڈاکٹر شاہدمیو نے اپنے سینئر ز اور جونئیرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ رہنمائی اور تعاون کیا جس کی بدولت مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اگر دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ان کی ضرورت محسوس کی گئی تو وہ اس کار خیر میں بخوشی اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار رہیں گے۔ ای ڈی پروفیسر خالد محمود نے ڈاکٹر شاہد میو کو تقریب کے اختتام پر پھولوں کا گلدستہ،شیلڈ اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا اور اُن کی مستقبل کی زندگی کے لیے دعائیں کیں اور کہاکہ ڈاکٹر شاہد میو33سال تک شعبہ صحت سے وابستہ رہے ہیں اور آئندہ بھی اُن کی تجربہ سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں