واشنگٹن (عکس آن لائن)امریکا سعودی عرب کے پاس ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے حملوں اور یمن سے لاحق خطرات کے مقابلے میں دفاع کے لیے درکار تمام ضروری آلات کی موجودگی یقینی بنائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے دو کمانڈروں کے خلاف پابندیاں عاید کرنے کے بعد کہی ۔انھوں نے کہاکہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سعودی عرب اور ہمارے علاقائی شراکت داروں کے پاس اپنے دفاع کیلیے درکار آلات ہوں،بہ شمول یمن سے لاحق خطرات کے مقابلے کے لیے آلات ہوں جہاں سے ایران کی حمایت اور ہتھیاروں سے حملے کیے جارہے ہیں۔انٹونی بلینکن نے یمن میں ایران کی فوجی مداخلت پر کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ وہ وہاں تنازع کو ہوا دے رہا ہے۔اس سے کشیدگی کے پھیلنے اور خطے میں مزید عدم استحکام کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔
انھوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حوثیوں کو ایران کی مدد وحمایت حاصل ہے اور وہ یمن اور سعودی عرب میں شہری اہداف اور شہری ڈھانچے پر حملوں کے لیے ایرانی ہتھیار ، انٹیلی جنس ، تربیت استعمال کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا یمن میں جاری تنازع کے حل کے لیے کام کرتا رہے گا۔ہم تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ یمن میں جاری بحران کے پائیدار سیاسی حل کے لیے مخلصانہ انداز میں کام کریں اور یمنی عوام کو درپیش خوف ناک انسانی بحران کا کوئی حل نکالیں۔