بیجنگ (عکس آن لائن) ہانگ کانگ میں امریکن چیمبر آف کامرس نے حال ہی میں ” ہانگ کانگ بزنس کنفیڈنس سروے” 2025 جاری کیا ہے ، جس کے مطابق ہانگ کانگ میں امریکی کمپنیوں کو ہانگ کانگ کے کاروباری ماحول پر زیادہ اعتماد ہے اور وہ ہانگ کانگ کے قومی سلامتی کے قوانین کے بارے میں زیادہ معروضی نکتہ نظر رکھتے ہیں۔
اس حوالے سے پیر کے روز چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ رپورٹ کے مطابق 75 فیصد کاروباری اداروں کا ماننا ہے کہ ہانگ کانگ ایشیا کا بین الاقوامی کاروباری مرکز ہے اور نوے فیصد کمپنیوں کا ماننا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہنے کے حوالے سے ہانگ کانگ کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔
83 فیصد جواب دہندگان کو ہانگ کانگ میں قانون کی حکمرانی پر اعتماد ہے۔یہ اعداد و شمار ہانگ کانگ میں امریکی کمپنیوں کے ہانگ کانگ کی ترقی کے امکانات اور کاروباری ماحول پر اعتماد کو ظاہر کرتے ہیں۔چینی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کے قومی سلامتی کے قانون اور قومی سلامتی آرڈیننس نے ہانگ کانگ کو مزید مستحکم اور وہاں سرمایہ کاری کے ماحول کو زیادہ سازگار بنا دیا ہے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دنیا بھر سے مزید کاروباری ادارے ہانگ کانگ میں سرمایہ کاری کرنے آئیں گے اور چینی طرز کی جدیدکاری اور “ایک ملک، دو نظام” کی پالیسی سے حاصل ہونے والے منافع کا اشتراک کریں گے۔