حسن مرتضی

ہم نے پارٹیاں بچانے کی بجائے معیشت بچانے کو ترجیح دی ‘ حسن مرتضی

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ ہم نے پارٹیاں بچانے کی بجائے معیشت بچانے کو ترجیح دی ،اتحادی حکومت ایک سال تک معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے، سیاست کرنا سب کا حق ہے لیکن یہ ملکی آئین اور قانون کے اندر کرنا ہو گی ۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے مرکزی رہنما ندیم افضل چن،اسلم گل،نیلم جبار اور میاں ایوب کے ہمراہپریس کانفرنس کر رہے تھے ۔سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ آصف زرداری پارٹی کی بحالی کے لئے لاہور میں رہ کر سیاست کریں ، مقبولیت کا کا واویلا کرنے والا آج خود تنہائی کا شکار ہو چکا ہے،سیاستدان اس طرح نہیں روتے جس طرح وہ زمان پارک میں رو رہا ہے۔

وہ کہتا ہے کہ سیاست میں میرا آنے کا فیصلہ غلط ہے،اس نے بچوں کو اپنے والدین سے الگ کر کے جیلوں میں ڈلوا دیااور اپنے بچے بیرون ملک رکھے ہوئے ہیں،تحقیق کریں کون سی جماعت سیاسی اور کونسی عسکریت پسند ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کرنا ان کا حق ہے مگر یہ ملکی آئین اور قانون کے مطابق کرنا ہو گی ،پاکستان دو نہیں ایک ہے،حقدار کو ریلیف ملنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ عام آدمی کوسوچنا چاہیے کہ ا س کے بچے کو کیوں ایندھن بنایا گیا۔

انہوں نے کہاک ہ پیپلز پارٹی نے اس مرتبہ کراچی میں پارٹی کو مضبوط بنایا ہے،میئر کراچی کا فیصلہ جمہوری ہو گا اور یہ پیپلز پارٹی کا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آج عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے ،کاشتکار کے لئے زرعی مداخل مہنگی ہو چکی ہیں،کھاد،زرعی ادویات خرید سے باہر ہیں،کسان کے گھر کی گندم اور بیج بھی اٹھا لیا جاتا ہے،یہ پالیسی ترک کرنے کی ضرورت ہے۔زرعی پالیسی بناتے وقت کاشتکار تنظیموں کو اعتماد میں لیں۔ انہں نے کہا کہ 3ماہ گزرنے کے باوجود گنے کے کاشتکاروں کو واجبات نہیں ملے۔

میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق جمہوریت اور معیشت کا حصہ بنانا چاہتی ہے۔ آصف زرداری نے میثاق معیشت کی بات کر کے تمام کاروباری طبقے کو اعتماد میں لیا ہے۔آئندہ بجٹ اور انتخابی منشور میں میثاق معیشت ترجیح ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مڈل کلاس کے لئے اچھا بجٹ دینا بہت ضروری ہے ۔پاکستان میں کارکنوں کی واحد جماعت پیپلز پارٹی ہے باقی جماعتوں نے کارکنوں کو صرف استعمال کیا ۔

ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ کسی کے فون ٹیپ نہیں ہونے چاہئیں،بالآخر سب کو جمہوریت کی طرف جانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کو مک مکا قرار دینے والے بالآخر اس میں شامل ہوں گے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جس جماعت کی سیاسی جڑیں ہوتی ہیں وہ باقی رہتی ہیں،بھٹو کی شہادت کے بعد بڑے تلخ لوگوں کے ساتھ بیٹھنا پڑا۔ندیم افضل چن نے کہا کہ انتخابی اتحاد کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی قیادت کرے گی ،ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں