لاہور (عکس آن لائن ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نومنتخب ارکان نے صدر عارف نظامی کی قیادت میں اسمبلی میں ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم کی جانب سے اتحادی امور پر قائم کردہ کمیٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلی کمیٹی سے مذاکرات میں معاملات بہتری کی طرف گامزن ہونا شروع ہوگئے تھے، اب حکومت کی نئی کمیٹی سامنے آگئی ہے۔
ہمیں نئی حکومتی کمیٹی کی سمجھ نہیں آئی، ایک کمیٹی بنتی ہے دوسری ڈلتی ہے، ہم نے بھی کمیٹی ڈالی ہے جو ابھی نکلی نہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے بابا بلھے شاہ کا ایک شعر بھی پڑھا ”اگلی توں نہ پچھلی توں میں صدقے جاواں وچلی توں“۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں نیک نیتی کے ساتھ چلتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت چلے اور اپنی مدت پوری کرے، ہمیں احساس ہے کہ اگر حکومت کو نقصان پہنچا تو ہمیں بھی پہنچے گا۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملک میں امن و امان قائم کرنا اور عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا ہمارا مشن ہے، میڈیا ملکی ترقی کا ضامن ہے، میڈیا صحیح سمت میں حکومت کی رہنمائی کرے، میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم آزادی صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اخبارات نے ذمہ دارانہ صحافت کی۔
انہوں نے کہا کہ اخبارات نے نہ صرف ارباب اختیار کو اصلاح کا راستہ دکھایا بلکہ لوگوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی بھی دی۔ چودھری پرویزالٰہی نے سی پی این ای کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی انتھک جدوجہد کا ثمر ہے کہ آج پاکستان کا میڈیا آزاد ہے، سی پی این ای اخبارات کے ایڈیٹرز کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس میں بلاشبہ ملک کے نامور اور سینئر صحافی شامل ہیں.
جنہوں نے ہر دور میں اپنی پیشہ ورانہ صحافت کے ذریعے بہترین خدمات انجام دی ہیں، پاکستان کے صحافی بہادر اور محب وطن ہیں جنہوں نے دشمن کی اٹھنے والی ہر آواز کو دبایا اور اسے منہ توڑ جواب دیا۔ اس موقع پر سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے بھی خطاب کیا۔