فردوس عاشق اعوان

ہمیں قومی جذبے، اتحادواخوت کے ساتھ ایک دوسرے کا احساس اور خیال رکھنا ہے، فردوس عاشق

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہمیں قومی جذبے، اتحادواخوت کے ساتھ ایک دوسرے کا احساس اور خیال رکھنا ہے،سلام پیش کرتے ہیں ان ڈاکٹروں،نرسوں اور طبی عملے کو جو اس جذبے کے ساتھ خدمت کی عظیم مثال بن رہے ہیں۔

جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے،وفاقی و صوبائی حکومتیں اور تمام متعلقہ ادارے عوام کے تحفظ و سلامتی کیلئے پوری تندہی سے کام کر رہے ہیں،ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ احتیاطی تدابیر پر نہ صرف خود عمل کرے بلکہ اپنے ارد گرد کے لوگوں کی صحت کا بھی خیال رکھے،ہم نے کرونا کی وباء سے قومی عزم کے ساتھ لڑنا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا حوصلے اور دانشمندی کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہنا ہے، پرہجوم جگہوں پہ نہ جائیں، ہاتھ ملانے سے گریز کریں اور بار بار دھوئیں،چین کے عوام نے جس مثالی ڈسپلن اور یکسوئی سے اس وبا کا مقابلہ کیا اس سے سبق ملتا ہے کہ اجتماعی سطح پہ کاوشیں کرنے سے اس وائرس سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں