سرگودہا(عکس آن لائن) معاون وزیراعظم و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ ہمارے وژن کو عام کیا جائے تومثبت تبدیلی کے اثرات بہت جلد نمایاں ہو سکتے ہیں۔
اپنے دورہ سرگودھا سے واپسی پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ریاست مدینہ کے قیام کی خواہش کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھرمیں 70 فیصد سروے مکمل ہوچکاہے۔سرگودھا ڈویژن میں بھی سروے کا عمل انتہائی شفافیت کے ساتھ جاری ہے۔انہوں نے بتایا سرگودھا ڈویژن کے اضلاع بھکرمیں 79 فیصد، خوشاب میں 51 فیصد،میانوالی میں 17فیصداور سرگودھامیں 7.2فیصدسروے ہوچکاہے۔ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام کے سروے میں شمولیت کی کو ئی فیس یافارم نہیں ،سادہ لوح عوام نوسر بازوں کے کسی جھانسے میں نہ آئیں،بہت جلد پاکستانی عوام احساس پروگرام کے فوائد سے مکمل طورپر مستفیدہوگی۔
ثانیہ نشتر نے کہاکہ آزاد میڈیاکے بغیرکوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتااور اس حوالے سے حکومتی وڑن بہت واضح ہے،سرگودھاجیسے ترقی پذیرعلاقہ میں میڈیاکو جن مسائل کا سامناہے ہمیں اس کا پوری طرح ادراک ہے ملک کے دیگر پسماندہ طبقات کی طرح میڈیاکے پسماندہ طبقات کا معیارزندگی بلندکرنے کے لئے بھی ہرممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سروے مکمل ہونے پر ہرشخص کے سماجی ومعاشی کوائف ہمارے پاس ہونگے جس کے بعد مستحق افراد کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرنے کاسلسلہ شروع ہوگا۔احساس پروگرام کے تحت مالی معاونت اوردیگر شعبوں میں کام جاری ہے۔
ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس کفالت ، احساس بلاسودقرضہ ،بچوں کیلئے وظائف اور انڈرگریجویٹ بچوں کی تعلیم کیلئے معاونت فراہم کی جارہی ہے۔سروے مکمل ہونے پر بہت جلد دوبارہ سرگودھا میڈیا کے پاس آؤں گی یہاں آکر اپنائیت کا احساس ہواہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سرگودھا کا میڈیا حکومت کے مثبت اقدامات کو علاقہ بھرمیں اجاگرکرکے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو پوراکرتا رہے گا۔