اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو کبھی جمہوری جدوجہد سے نہیں گزری،سیاسی قیادت نے عام شہریوں کی بہتری کے لئے کسی بھی اہم کام میں کبھی حصہ نہیں لیا۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت کورونا جیسی صورتحال کا سامنا ہے، کوویڈ 19 کے دوران پاکستان میں ہمارا مقابلہ ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو کبھی جمہوری جدوجہد سے نہیں گزری۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سیاسی قیادت عام شہریوں کو درپیش مشکلات کو سمجھنے سے قاصر ہے، اس نے عام شہریوں کی بہتری کے لئے کسی بھی اہم کام میں کبھی حصہ نہیں لیا، اپنے خاندانوں کیلئے لوٹی دولت بچانا ان کا واحد مایوس کن مقصد ہے۔
اپوزیشن قیادت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان قائدین کو عوام کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں، انہوں نے قومی دولت لوٹ کر عوام کو مزید غریب بنایا، اپوزیشن کے نام نہاد لیڈرز بڑے محلوں میں شاہانہ زندگی بسر کررہے ہیں، ان کو یہ منصب بھی خاندان سے وراثت میں ملا ہے۔