قوی خان

ہمارا دور بڑا مشکل تھا،آج لوگ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بنا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جاتے ہیں‘ قوی خان

لاہور( عکس آن لائن)سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ زندگی میں مشکل حالات بھی آتے ہیں اور یہی وہ وقت ہوتا ہے جب کسی انسان کے جوہر کھل کر سامنے آتے ہیں ، ہمارے دور میں جتنی مشکلات ہوتی تھیں آج کے اداکاروں کوتو اس کے عشر عشیر کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑتا ۔

ایک انٹر ویو میں قوی خان نے کہا کہ میں نے ہمیشہ مشکل وقت میں صبر سے کام لیا ہے اور تدبر اور تحمل سے اس وقت سے نمٹنے کی کوشش کی ہے اور میں اس میں کامیاب بھی رہا ہوں ۔مشکل وقت میں جب آپ جذباتی یا مایوس ہو جائیں تو اس کا نتیجہ ہمیشہ الٹ ہی نکلتا ہے ۔ مشکل حالات اور وقت سے کامیابی سے باہر نکلنا والا ہی زندگی میں کامیاب ہوتا ہے۔

قوی خان نے کہا کہ ہمارے دور میں ٹیکنالوجی نہ ہونے کے برابر تھی اور ہمیں بہت مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ آج کے دور میں تو جدید ٹیکنالوجی سے لیس آلات ہیں ، سوشل میڈیا ہے اور لوگ ایک ویڈیو بنا کر راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں