نوار الحق کاکڑ

ہائی رائز عمارتوں کی تعمیر : نگران وزیراعظم کی سرمایہ کاروں کو راغب کرنیکی ہدایت

اسلام آباد (عکس آن لائن) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ہائی رائز عمارتوں کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی ہدایت کر دی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی ترقیاتی ادارے کے امور پر اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں اسلام آباد میں بائیسیکل لینز منصوبے اور اسلام آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، نگران وزیراعظم نے کہا کہ بائیسیکل لینز ماحول دوست منصوبہ ہے، ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، اسلام آباد ماسٹر پلان پر نظر ثانی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ اسلام آباد ماسٹر پلان کے جائزے کے لئے وفاقی کمیشن کی تشکیل جلد از جلد کی جائے، اسلام آباد میں نئے رہائشی منصوبوں کے لئے عمودی تعمیرات کو ترجیح دی جائے، ہائی رائز عمارات کی تعمیر کے لئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

نگران وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ حکام اسلام آباد میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے مؤثر منصوبہ بندی بنائیں، اسلام آباد کے شہریوں کو پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائیں، انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔انوارالحق کاکڑ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بائیسیکل لینز منصوبے میں 374 کلومیٹر لینز اور 150 پارکنگ سٹیشنز کی تعمیر شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں