انوارالحق کاکڑ

ہائیکورٹ نے انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے انٹرا کورٹ اپیل پرفیصلہ محفوظ کر لیا

لاہور (عکس آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے انٹرا کورٹ اپیل پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مقسط سلیم ایڈووکیٹ کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 15نومبر کو نگران وزیر اعظم کی 90روز کی آئینی مدت مکمل ہو چکی ہے، 90روز کے بعد نگران وزیراعظم کا عہدے پر برقرار رہنا غیر قانونی ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کرے، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات تک ایک قانونی سیٹ اپ قائم کرے۔سرکاری وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا اعلان کر دیا ہے،

8فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع کر دی ہے، درخواست غیر موثر ہو چکی ہے،خارج کی جائے۔بعدازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں