گیس

گیس کے باکفایت استعمال سے اخراجات میں45فی صد بچت ممکن ہے

راولپنڈی(عکس آن لائن)محکمہ سوئی گیس نے موسم سرما میں صارفین کو گیس کے استعمال میں احتیاط کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صارفین رواں موسم میں واٹر ہیٹر کے استعمال میں احتیاط برت کر بھی گیس کی بچت کر سکتے ہیں ۔

سوئی ناردرن گیس راولپنڈی کے ریجنل جنرل مینجر محمد جاوید خان نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سردیوں میں گرم پانی کے حصول کے لیے انسٹنٹ یا سولر واٹر ہیٹر کے استعمال کو ترجیح دی جائے جبکہ عمومی واٹر ہیٹر کو استعمال سے نصف گھنٹہ قبل آن کیا جائے اورباقی وقت اسے پائلٹ پر رکھا جائے تاکہ جس قدر ممکن ہو سکے گیس بچائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے گھر کی گیس تنصیبات بشمول ہاؤس لائن اور گیس سے چلنے والے آلات کی سروس اور جانچ پڑتال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ گیس آلات اور ہاؤس لائن میں کسی قسم کی لیکج کا احتمال نہ رہے ۔

جاوید خان نے کہا کہ واٹر ہیٹرز میں کونیکل بیفل کا استعمال بھی ازحد مفید ہے اور اس سے مجموعی طور پر گیس کی 25فی صد اور اخراجات کی 45فی صد بچت کی جاسکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ حالیہ موسم میں چولہے اور گیس ہیٹرزکو غیر ضروری طور پر جلتا ہوا نہ چھوڑا جائے اس سے جہاں گیس کی بچت کی جاسکتی ہے وہیں حادثات سے بچاؤ بھی ممکن ہے ۔انہوں نے کہاکہ گیس ہیٹرز کا استعمال کم سے کم کیا جائے تاکہ گھریلو صارفین کو گیس کی متناسب ترسیل ممکن ہو سکے ۔محمد جاوید خان نے کہاکہ گذشتہ چند برسوں سے کچھ صارفین گیس پریشر میں اضافے کے لیے کمپریسرز کا استعمال کرتے رہے ہیں جو کہ مالی اور جانی نقصانات کا باعث بنا اس لیے معزز صارفین ذمہ داری کاثبوت دیتے ہوئے گیس کمپریسرز کا استعمال ہر گز نہ کریں تاکہ ناخوشگوار حادثات سے بچا جا سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ معزز صارفین سے یہ التماس بھی کیا جاتا ہے کہ گھروں میں استعمال ہونے والے گیس آلات کے ساتھ کسی بھی صورت میں پلاسٹک پائپ کا استعمال نہ کریں کیونکہ یہ بھی خطرنا ک ہے اس کے علاوہ جن کمروں میں ہیٹر استعما ل کیا جارہا ہو وہاں ہوا کے گذر کامناسب بندوبست کیا جائے اور کھڑکی کو کھلا رکھا جائے ۔ترجمان سوئی ناردرن شاہد اکرم نے واضح کیا کہ معزز صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے محکمہ کی ایمرجنسی سروسزکا عملہ 24گھنٹے اپنے متعلقہ دفاتر میں موجود رہتا ہے جہاں صارفین اپنی انفرادی اور اجتماعی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ نے صارفین کو عالمی معیار کی سروسز کی فراہمی کے لیے شکایات کے اندراج اور ان کے فوری ازالے کے لیے یونیورسل نمبر 1199کی سہولت بھی فراہم کر رکھی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں