زمین ڈاٹ کام

گھروں کی تعمیر، زمین ڈاٹ کام اور فیصل اسلامی کے مابین معاونت فراہم کرنے کا معاہدہ

کراچی (عکس آن لائن) پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ پورٹل زمین ڈاٹ کام اورفیصل اسلامی کے درمیان وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے مطابق مناسب قیمت پر گھروں کی تعمیر میں معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔

کراچی میں منعقد ہونے والی تقریب میں زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان اور فیصل اسلامی کے صدر ،سی ای او یوسف حسین کی موجودگی میں زمین ڈاٹ کام کے کنٹری ہیڈ احمد بھٹی اور فیصل اسلامی کے ہیڈ ریٹیل بنکنگ طاہر یعقوب بھٹی نے معاہدے پر دستخط کئے۔

معاہدے کی تقریب میں زمین ڈاٹ کام کی جانب سے سینئر ڈائریکٹر شیخ شجاع اللہ خان، سینئر ڈائریکٹر طحٰہ محمود، ڈائریکٹر عادل احمد کمال ، ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر عاصم بھٹی اور ریجنل مینجر محمد حسن کے علاوہ فیصل اسلامی کی جانب سے چیف رسک آفیسر میاں سلمان علی، ہیڈ کنزیومر فنانس سید افتخار الحق، ہیڈ ریٹیل رسک مینجمنٹ جواد نسیم اور ہیڈ سکیورڈ بزنس طلحہ حمید نے بھی شرکت کی۔

اس معاہدے کے تحت زمین ڈاٹ کام مناسب قیمت پر گھروں کی تعمیر کے لئے فیصل ہوم فنانس حاصل کرنے والے صارفین کو رہنمائی فراہم کرے گی، جبکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ رکھنے والے صارفین کو پاکستان میں رئیل اسٹیٹ شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے مفت معاونت فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق ماہانہ 25 ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افرادمختص نجی بینک سے مالی معاونت آسان اور ملکی تاریخ کےکم ترین پرافٹ ریٹ پر حاصل کر نے کے اہل ہیں۔

زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان کا کہنا ہے کہ زمین ڈاٹ کام اور فیصل بینک پاکستان کی پراپرٹی مارکیٹ کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ رئیل اسٹیٹ کی تعمیر و ترقی کے لئے زمین ڈاٹ کام نے ماضی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کرتے رہیں گے۔

ذیشان علی خان نے کہا کہ پراپرٹی کی تلاش سے لے کر فیصل اسلامی سے اسلامک ہوم فنانسنگ کے حصول کے لئےزمین ڈاٹ کام صارفین کو ون ونڈو سہولیات فراہم کرے گی۔

فیصل اسلامی کےصدر اور سی ای او یوسف حسین نے کہا کہ کم آمدن والے افراد اسلامک ہوم فنانسنگ کے لئے فیصل اسلامی سےمالی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ مالی معاونت وزیر اعظم عمران خان اوراسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق شرعی اصولوں کے تحت ملکی تاریخ کے کم ترین پرافٹ ریٹ پر فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیصل اسلامی نے تمام صارفین کے لئے مناسب قیمت پر گھروں کی تعمیر کے لئے مالی معاونت کے حصول کو انتہائی آسان بنا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں