اسلام آباد (عکس آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ گوجر خان اور خطہ پوٹھوار میں تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کو حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے ، جدید تعلیم سے آراستہ خطہ پوٹھوار کئی دہائیوں سے میرا دیرینہ خواب تھا۔ انہوں نے یہ بات منگھوٹ ویمن کالج میں بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے خلوص کے ساتھ اپنی مٹی کی خدمت کرنی ہے، ہمارے پاس سب سے بڑی قوت اپنی محنت اور عوام کی خدمت سے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ طالبات کو کالج لانے اور لے جانے کے لیے بسیں اور ہائی ایس وین فراہم کر دی گئیں، بسوں کی فراہمی سے جڑواں قصبوں سے آنے والی طالبات کو درپیش سفری مشکلات حل ہوں گی،اسی سال یہاں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس میں کلاسز شروع ہوں گی۔
انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کے قیام سے طلبا و طالبات پہلے سے زیادہ دل لگا کر تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے گوجر خان اور خطہ پوٹھوار میں تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے ۔ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ہم اپنے نوجوان بچوں اور بچیوں کو بڑے شہروں میں بھیجنے کی بجائے گوجر خان میں ہی تعلیم دیں گے، سوئی گیس کی فراہمی اور مشکلات سے بچنے کیلئے ہم آفس گوجرخان میں لے آئے ہیں، مندرہ چکوال روڈ پر دو سو بستروں کا ہسپتال بنانے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ گوجرخان کی عوام کے لئے تما سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہیں گوجر خان راولپنڈی ڈویژن کا اہم حصہ ہے اور محل وقوع کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، مندرہ چکوال روڑ کی تعمیر اہل علاقہ کیلئے فخر کا باعث ہے۔