راولپنڈی(عکس آن لائن)زرعی ماہرین نے کہاہے کہ گندم کی کٹائی کیلئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر ہے جس کے استعمال سے کافی حد تک پیداوار کے ہونے والے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے ۔
محکمہ زراعت پنجاب نے بھی کاشتکاروں کو گندم کی کٹائی کے لیے کمبائن ہارویسٹر کے استعمال کی ہدایت کی ہے تاکہ نقصانات کو کم کیا جاسکے ۔زرعی ترجمان نے بتایاکہ گندم کی فصل کی کٹائی،گہائی اور سنبھال کے دوران پیش آنے واے زرعی عوامل خاص طور پر اہمیت کے حامل ہیں
۔ترجمان نے بتایا کہ کٹائی کے بعد گندم کی پیداوار کا10 فیصد حصہ مختلف وجوہات کی بنا پر ضائع ہو جاتا ہے لہذا ضروری ہے کہ کٹائی سے قبل اچھی منصوبہ بندی کی جائے۔کاشتکار گندم کی کٹائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے پیغامات کو توجہ سے سنیں اور اگر بارش کا خطرہ ہو تو گندم کی کٹائی روک دیں۔